نوجوان کی ہلاکت: امریکی سفیر کی دفترخارجہ طلبی ، ڈیوڈ ہیل نے پاکستان کو کیا یقین دہانی کرائی؟

اسلام آباد(سی پی پی) امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی سے ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گزشتہ روز کے واقعے پر شدید احتجاج کیا جب کہ اس موقع پر امریکی سفیر نے معاملے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر نے معاملے کی تحقیقات اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔دفترخارجہ کے مطابق گزشتہ روز امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نوجوانجاں بحق ہو گیا تھا۔یاد رہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کیا جاچکا ہے جس کے مطابق حادثہ گاڑی ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفارت کار نے سگنل بند ہونے کے باوجود گاڑی آگے دوڑاتے ہوئے دو موٹرسائیکل سوار افراد کو روند ڈالا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں